وزیراعلیٰ پنجاب کا دیہی خواتین کیلئے ساڑھے 4 ارب روپے کا "لائیوسٹاک سپورٹ پراجیکٹ" شروع کرنے کا فیصلہ

04:10 PM, 1 Apr, 2026

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب نے جنوبی پنجاب کی دیہی خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کے لیے ایک عظیم الشان اور انقلابی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ "امپاورنگ رورل ویمن تھرو لائیو سٹاک" نامی یہ منصوبہ ساڑھے 4 ارب روپے کی خطیر لاگت سے شروع کیا جا رہا ہے، جو جون 2029 تک مکمل ہوگا۔
اس منصوبے کا مقصد دیہی خواتین کو محض مدد فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں باقاعدہ مالکانہ حقوق اور آمدن کے ذرائع فراہم کرنا ہے۔ جنوبی پنجاب کی 15 ہزار مستحق خواتین کو اعلیٰ نسل کی دودھ دینے والی گائیں اور بھینسیں فراہم کی جائیں گی۔ خواتین کو لائیوسٹاک مینجمنٹ، جدید ڈیری فارمنگ اور جانوروں کی صحت کی دیکھ بھال کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔مویشیوں کے ساتھ ساتھ ویٹرنری سہولیات اور مارکیٹ تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی تاکہ خواتین اپنی مصنوعات کی بہتر قیمت حاصل کر سکیں۔
یہ منصوبہ جنوبی پنجاب کے درج ذیل 11 اضلاع اور ان کی مختلف تحصیلوں میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ اس  میں    بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، خانیوال، کوٹ ادو، لیہ، لودھراں، ملتان، مظفرگڑھ، رحیم یار خان، راجن پور اور وہاڑی شامل ہیں۔
حکومتِ پنجاب کے اس اقدام سے دیہی معیشت میں نمایاں تبدیلی کی توقع ہے۔  خواتین اب جانوروں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ ان کی مالکن بھی ہوں گی، جس سے ان کی گھریلو فیصلوں میں اہمیت بڑھے گی۔ پسماندہ خاندانوں کو مستقل ذریعہ آمدن فراہم کر کے خطے میں غربت کی شرح میں کمی لائی جائے گی۔اس منصوبے سے صوبے میں دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھے گی، جس سے غذائی قلت کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
 روایتی طور پر دیہی خواتین چارہ ڈالنے اور دودھ نکالنے کا کام تو کرتی تھیں لیکن ان کے پاس مالی اختیارات نہیں تھے۔ یہ منصوبہ انہیں براہِ راست آمدن سے جوڑے گا۔

مزیدخبریں