سموگ کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی: 2025 میں لاہور کی فضاؤں میں تاریخی بہتری، ای پی آئی رپورٹ جاری

07:57 PM, 1 Apr, 2026

لاہور :حکومت پنجاب کی جانب سے سموگ کے خاتمے کے لیے کیے گئے سخت اقدامات رنگ لے آئے۔ انرجی پالیسی انسٹی ٹیوٹ (EPI) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، سال 2025 میں فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔
 رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کورونا وبا کے بعد پہلی بار لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں اتنی بڑی اور مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔پاکستان بھر میں مجموعی طور پر خطرناک ذرات یعنی پارٹیکولیٹ میٹر (PM 2.5) کی اوسط سطح میں 8.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین نے اس بہتری کا سہرا حکومت کے مؤثر اقدامات، بشمول اینٹی سموگ اسکواڈز کی کارروائیوں، صنعتی فضلے پر کنٹرول اور فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی کے سر باندھا ہے۔
لاہور، جو کئی سالوں سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل رہا ہے، 2025 کے ان اعداد و شمار کے بعد اب ایک بہتر اور سانس لینے کے قابل فضا کی طرف گامزن ہے۔ ای پی آئی کی رپورٹ کے مطابق، اگر پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہا تو فضائی معیار میں مزید بہتری متوقع ہے۔

مزیدخبریں