لاہور میں سموگ کم کرنے کے لیے جدید اینٹی سموگ گنز نصب کیے جائیں گے، مریم نواز کا اعلان

08:04 PM, 1 Aug, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتایا ہے کہ لاہور میں سموگ اور فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جدید ڈسٹ سسپنشن سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جس میں 15 جدید اینٹی اسموگ گنز شامل ہیں۔

مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ یہ نظام باریک پانی کی دھند پیدا کر کے ہوا میں موجود مضر ذرات PM2.5 اور PM10 کو زمین پر گرا دے گا، جس سے ہوا صاف ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ گنز لاہور کے مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے اور پنجاب کے ریئل ٹائم ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک سے مکمل مربوط ہوں گے۔ یہ نظام آلودگی کی سطح بڑھنے پر خودکار طور پر فعال ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیٹلائٹ ڈیٹا، ڈرونز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹریکنگ سسٹم اس منصوبے کی نگرانی میں مددگار ثابت ہوں گے اور ماحولیاتی قوانین کی بہتر عملداری ممکن ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ عزم اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہم اسموگ کے خلاف کامیابی حاصل کریں گے اور شہریوں کو صاف ہوا مہیا کریں گے۔

مزیدخبریں