لاہور : لاہور میں بسنت کے حوالے سے پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی خرید و فروخت کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ انتظامیہ نے محدود مدت کے لیے کاروبار کی اجازت دیتے ہوئے ٹریڈرز کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 2246 ٹریڈرز کو کاروبار کرنے کی اجازت دی جا چکی ہے، جبکہ رجسٹریشن کا عمل 8 فروری تک جاری رہے گا۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پتنگوں کی فروخت صرف 8 فروری تک ہی ممکن ہوگی، جس کے بعد شہر بھر میں اس پر مکمل پابندی نافذ کر دی جائے گی۔
پتنگ بازی کے سامان کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایک عام گڈا 300 روپے جبکہ ڈیڑھ تاوا گڈا 500 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ ڈور کا پناہ 4 ہزار سے 6 ہزار روپے کی بلند سطح تک جا پہنچا ہے۔
دکانوں پر خریداروں کا شدید رش دیکھا جا رہا ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔
لاہور میں بسنت کی تیاریاں شروع: پتنگوں کی فروخت کی اجازت، نرخوں میں ہوش ربا اضافہ
03:53 PM, 1 Feb, 2026