لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب صحت کے شعبے میں ہر سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مریم نواز کی سرپرستی میں صحت کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت پنجاب میں اینڈوویسکیولر اینوریزم کے جدید علاج کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ملک میں پہلی بار پیٹ کی شریان (AVAR) کا کامیاب آپریشن کیا گیا، جسے ڈاکٹر حبیب خان نے انجام دیا جو واحد پاکستانی ویسکیولر سرجن ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ جدید طریقہ علاج کے تحت مریض کو بیہوش کرنے یا وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں پڑتی، جبکہ پنجاب میں کینسر کے جدید علاج کے لیے کیموتھراپی بھی جاری ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ کامیابیاں صحت کے شعبے میں پنجاب کے عزم اور ترقی کی عکاس ہیں اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات مسلسل جاری ہیں۔