فلمیں ملکی تشخص کا ذریعہ، نوجوان ڈائریکٹرز نئی سوچ کے ساتھ آگے آئیں: وزیر اطلاعات پنجاب

05:50 PM, 1 Jun, 2026

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں فلمی صنعت کی بحالی اور ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کر لیا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز سینما انڈسٹری کی بہتری کے لیے دور رس اقدامات کر رہی ہیں، جس کے تحت "فلم سٹی" کے بڑے منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ فلم میکنگ صرف تفریح نہیں بلکہ عالمی سطح پر ملک کا مثبت عکس پیش کرنے کا طاقتور ترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے بدلتے ہوئے دور کے تقاضوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے فلم انڈسٹری کو نئی سمت دی ہے، اس لیے نوجوان ہدایت کاروں کو چاہیے کہ وہ جدید اور اچھوتے خیالات کے ساتھ فلمی دنیا میں اپنا لوہا منوائیں۔

صوبائی وزیر نے نوجوانوں کی سینما سے دوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نوجوان نسل کو محض موبائل اور ٹچ سکرین کی دنیا تک محدود رہنے کے بجائے دوبارہ سینما گھروں کی طرف لایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انڈسٹری کی مضبوطی کے لیے صرف اچھے گانے کافی نہیں، بلکہ کہانی کے لحاظ سے بھی بہترین فلمیں بنانا ہوں گی۔

تقریب کے اختتام پر انہوں نے خوشگوار موڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود فلمیں دیکھنے کا بے حد شوق رکھتی ہیں، تاہم وقت کی کمی کی وجہ سے اب سینما جانا کم ہو پاتا ہے۔ حکومت فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

مزیدخبریں