لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبائی دارالحکومت میں شہریوں کو مضرِ صحت اور مردہ گوشت سپلائی کرنے کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے ہزاروں کلو گرام مردہ مرغیاں تلف کر دی ہیں اور متعدد فوڈ پوائنٹس پر بھاری جرمانے عائد کیے ہیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے علی الصبح لاہور کی مشہور ٹولنٹن مارکیٹ میں چکن سپلائرز کی اچانک چیکنگ کی، جہاں سپلائی کے لیے لائی جانے والی 3 ہزار 755 کلو گرام مردہ مرغیاں پکڑ کر موقع پر ہی تلف کر دی گئیں۔
حکام کے مطابق، اس کریک ڈاؤن کے دوران شہر بھر میں مجموعی طور پر 30 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس پر چھاپے مارے گئے، جن میں سے صفائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 14 یونٹس کو 2 لاکھ 16 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔