پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی مفاد اور مزدوروں کے حقوق کو ترجیح دی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

06:17 PM, 1 Jun, 2026

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنی سیاست میں ذاتی مفادات کے بجائے ملکی مفاد کو مقدم رکھا ہے اور یہ وہ واحد جماعت ہے جس نے ہر دور میں مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے نظریاتی ورکرز کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت دیتی ہے، انہیں عزت دیتی ہے اور اہم عہدوں سے نوازتی ہے، پارٹی نے کبھی بھی اپنے کارکنوں کو کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑا۔ انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو اس وقت ملک کے مقبول ترین نوجوان لیڈر ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے قوی امید ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھاری عوامی مینڈیٹ کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے ملکی نظام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس وقت صدرِ مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ملکی ترقی اور استحکام کے لیے ایک پیج پر ہیں، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

مزیدخبریں