پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ: سال 2027 کے لیے پتنگ بازی کے نئے ضوابط جاری، خلاف ورزی پر سخت ایکشن کا انتباہ

06:29 PM, 1 May, 2026

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں پتنگ بازی کو محفوظ بنانے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے سال 2027 کے نئے قواعد و ضوابط (SOPs) کا اعلان کر دیا ہے۔ ان قواعد پر مکمل عملدرآمد کے لیے 30 دسمبر 2026 کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور پتنگ بازی کے نام پر کسی کو خونی کھیل کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پتنگ بازی صرف ان مضبوط چھتوں پر کی جا سکے گی جن کی چار دیواری (پیرایپٹ وال) کی اونچائی کم از کم ساڑھے تین فٹ ہو۔ والدین پر بچوں کی مسلسل نگرانی لازم ہوگی۔ بچوں کو اکیلے چھت کے کناروں پر جانے، لٹکنے یا جارحانہ انداز میں پتنگ لوٹنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
 دورانِ پتنگ بازی اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور پڑوسیوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والے آلات کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔پتنگ بازی کے تمام مقامات پر ہنگامی طبی امداد (First Aid Kit) کی دستیابی اور اس تک آسان رسائی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کسی بھی حادثے یا قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں عمارت کے مالک اور ایونٹ آرگنائزر کو برابر کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز (DCs) اور ڈی پی اوز (DPOs) کو ہدایت کی ہے کہ ان ضوابط پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے گزشتہ برس قواعد کی پابندی کرنے پر لاہور کے شہریوں کو شاباش دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ 2027 کی بسنت میں بھی شہری ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں گے۔
حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی رعایت کے بغیر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزیدخبریں