لاہور:پنجاب بھر میں فضائی آلودگی نے خطرناک صورتحال اختیار کر لی ہے۔ بین الاقوامی ادارے آئی کیو ائیر کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور قصور میں اے کیو آئی 500 ریکارڈ ہوا، جب کہ لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی آلودگی کی شدت تشویشناک ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کم ہوا کی رفتار، خشک موسم اور صنعتی سرگرمیوں کے باعث فضا میں مضر ذرات کی مقدار خطرناک سطح تک بڑھ گئی ہے۔ شہری نزلہ، کھانسی اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
حکومت پنجاب نے سموگ کنٹرول کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی ہے، جس میں پانی کا چھڑکاؤ، ٹریفک کنٹرول اور فیکٹریوں کی نگرانی شامل ہے۔ شہریوں کو ماسک پہننے، غیر ضروری باہر نہ نکلنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔