سموگ کے خلاف بڑی پیش رفت: پنجاب میں 60 ہزار سے زائد افراد سول ڈیفنس رضاکار بن گئے

04:11 PM, 1 Oct, 2025

لاہور: سموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے سول ڈیفنس رضاکاروں کی خدمات لینے کا فیصلہ کر لیا۔ اب تک 60,846 افراد نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے، جن میں 37,532 مرد اور 23,314 خواتین شامل ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب میں پنجاب چیریٹیز کمیشن، سول ڈیفنس اور محکمہ ماحولیات کے اشتراک سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں ماحول دوست سرگرمیوں میں مصروف تنظیموں نے شرکت کی۔

اجلاس میں سموگ کے خلاف مؤثر آگاہی مہم، فیلڈ آپریشنز میں سول ڈیفنس رضاکاروں کی شمولیت اور بین الادارہ جاتی اشتراک کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سموگ کے خلاف جاری مہم میں رضاکارانہ طور پر شریک ہونے والوں کا تعلق مختلف شعبہ ہائے زندگی اور تعلیمی پس منظر سے ہے۔ رجسٹریشن کے اعتبار سے گوجرانوالہ پہلے، جہلم دوسرے اور فیصل آباد تیسرے نمبر پر رہا۔

رضاکار سموگ کے خاتمے کے لیے عوامی آگاہی، مقامی کارروائیوں اور سرکاری اداروں کی معاونت میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

مزیدخبریں