لاہور: سی سی ڈی کے مبینہ پولیس مقابلوں کا سلسلہ جاری، مختلف واقعات میں 3 ملزمان ہلاک، ایک زخمی

03:04 PM, 1 Sep, 2025

لاہور:لاہور میں سی سی ڈی (کاؤنٹر کرائم ڈپارٹمنٹ) کے مبینہ پولیس مقابلوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران 3 ملزمان ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

 لاہور کے علاقے مصری شاہ اور ساندہ میں ہونے والے دو الگ الگ مبینہ پولیس مقابلوں میں دو ملزمان کو ہلاک کر دیا گیا۔ ایک اور واقعہ نشتر کالونی میں پیش آیا جہاں ایک اور مبینہ مقابلے کے دوران تیسرا ملزم ہلاک ہوا۔

ادھر غالب مارکیٹ کے علاقے میں 8 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے سی سی ڈی نے کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق، ملزم نے مقابلے کے دوران شلوار سے پستول نکالنے کی کوشش کی، اسی دوران پستول سے اچانک گولی چل گئی جس سے وہ خود زخمی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح باٹا پور کے علاقے میں بھی سی سی ڈی کا ایک اور مبینہ مقابلہ رپورٹ ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق، ملزم صابر کی گرفتاری کے لیے اکھاڑا پل پر چھاپہ مارا گیا، جہاں اس کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر ملزم صابر ہلاک ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام مقابلے سی سی ڈی کی جانب سے جاری جرائم پیشہ افراد کے خلاف خصوصی مہم کا حصہ ہیں، تاہم ان مبینہ مقابلوں کی شفافیت پر سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔

مزیدخبریں