لاہور کی آسمان چھوتی رونقیں بحال: 'بسنت 2027' کے لیے گرین سگنل، پتنگ سازی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر پلاننگ کا آغاز  

03:05 PM, 2 Apr, 2026

لاہور: زندہ دلانِ لاہور کے لیے برسوں بعد بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے؛ پنجاب حکومت نے شہر کی قدیم ثقافت 'بسنت' کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے بڑے فیصلے کر لیے ہیں۔ بسنت 2027 کو یادگار اور محفوظ بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ابھی سے ہنگامی بنیادوں پر پلاننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بسنت کے موقع پر پتنگوں اور ڈور کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔     پتنگ سازی کی صنعت سے وابستہ کاریگروں کو تہوار سے 6 ماہ قبل ہی کام شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی تاکہ سپلائی کا ہدف پورا کیا جا سکے۔ صرف ضلعی انتظامیہ سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ مینوفیکچررز ہی پتنگیں اور ڈور تیار کر سکیں گے۔ غیر قانونی اور خطرناک ڈور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن ہوگا۔
 لاہور کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے دیگر شہروں سے بھی پتنگ بازی کا سامان منگوانے کی مشروط اجازت ہوگی۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس بار بسنت "خونی کھیل" نہیں بلکہ ایک "محفوظ ثقافتی میلہ" ہوگا۔تمام مینوفیکچرنگ یونٹس کی نگرانی کی جائے گی تاکہ دھاتی یا کیمیکل ڈور تیار نہ ہو سکے۔ پتنگ بازوں اور دکانداروں کے لیے سخت ضابطہ اخلاق تیار کیا جا رہا ہے، جس کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
بسنت کی بحالی سے جہاں لاہور کی رونقیں لوٹیں گی، وہیں اس سے وابستہ لاکھوں دیہاڑی دار طبقے کا روزگار بھی بحال ہوگا۔ ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ اور فوڈ انڈسٹری میں بھی اربوں روپے کی کاروباری سرگرمیوں کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں