پنجاب کو جرائم سے پاک بنانا مشن: گورنر اور وزیراعلیٰ ایک پیج پر، آئی جی پنجاب کو امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت

04:24 PM, 2 Apr, 2026

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم اور سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں صوبے میں قانون کی بالادستی، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے واضح کیا کہ صوبے کی ترقی اور امن کے لیے انتظامیہ اور حکومت متحد ہیں۔گورنر کا کہنا تھا کہ "پنجاب کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے میں اور وزیراعلیٰ پنجاب ایک پیج پر ہیں۔ ہر شہری کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ گورنر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ معاشرے میں انتشار پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
ملاقات کے دوران حالیہ سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات کو سراہا گیا۔ سردار سلیم حیدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
گورنر پنجاب نے راؤ عبدالکریم کو آئی جی پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں پولیس فورس مزید پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دے گی۔

مزیدخبریں