لاہور:ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے لاہور میں واقع مزارِ اقبال پر حاضری دی اور پاکستان کے عظیم شاعر علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، دیگر وزرا اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ایرانی صدر نے مزارِ اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے، اس کے بعد کتابِ تاثرات میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کی شاعری اور فلسفہ دونوں ممالک کے لیے ایک مشترکہ ورثہ ہے جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ایران اور پاکستان کا رشتہ صرف جغرافیائی نہیں بلکہ فکری اور ثقافتی بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقبال کا پیغام نہ صرف مشرقی بلکہ عالمی سطح پر امن اور بھائی چارے کا ہے، اور ان کے افکار ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان گہری ہم آہنگی پیدا کرنے میں معاون ہیں۔
ایرانی صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین مزید تعاون اور تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔