ووٹر کارکردگی دیکھ کر فیصلہ کرتا ہے،مریم اورنگزیب

05:07 PM, 2 Aug, 2026

لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق پیپلز پارٹی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی میدان میں کامیابی شور اور الزامات سے نہیں بلکہ عوام کے اعتماد سے حاصل ہوتی ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میرپور میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد سے پیپلز پارٹی مسلسل اعتراضات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے لیے عوام سے رابطہ کرنا، ووٹرز کو متحرک کرنا اور ان کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ رونے، دھاندلی کے الزامات لگانے اور سیاسی بیانات دینے سے ووٹر گھروں سے باہر نہیں نکلتا، بلکہ عوام کسی بھی جماعت کی کارکردگی اور اقدامات کو دیکھ کر اپنا فیصلہ کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ مظفرآباد ڈویژن میں بھی مسلم لیگ (ن) کو عوامی پذیرائی حاصل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں اصل فیصلہ عوام کے ووٹ سے ہوتا ہے اور ہر سیاسی جماعت کو عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں