پاکستان اور یو اے ای کا تعلق اخوت اور تعاون کی مثال ہے:مریم نواز شریف کا متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر پیغام

04:12 PM, 2 Dec, 2025

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے بھائی بہنوں اور قیادت کو مبارکباد پیش کی۔

مریم نواز نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان وہ رہنما ہیں جنہوں نے وژن کو حقیقت اور حقیقت کو کامیابی میں بدل کر قیادت کا نیا عالمی معیار قائم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ثابت کیا کہ مستقبل انتظار نہیں کرتا بلکہ اسے تخلیق کیا جاتا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی خوشی ہماری بھی خوشی ہے کیونکہ بھائی کی مسرت، دل کی مسرت ہے۔ انہوں نے پاکستان اور یو اے ای کے تعلق کو اخوت کی مثال قرار دیا جو سرحدوں سے ماورا ہے اور یاد دلایا کہ جب بھی پاکستان مشکل میں رہا، متحدہ عرب امارات نے بھائی کی طرح ہمارا ساتھ دیا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کو محض روزگار نہیں دیا بلکہ اپنائیت اور عزت کا احساس بھی دیا، اور لاکھوں پاکستانی وہاں اپنی محنت اور صلاحیت سے برادر ملک کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا رشتہ مستقبل میں بھی ترقی، تعاون اور بھائی چارے کے نئے باب رقم کرے گا۔

مزیدخبریں