لاہور : وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کی گرفتاری روکنے کا حکم دے دیا اور بچوں پر ہتھکڑیاں لگانے کے عمل پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے 16 سال کے بچوں کے لیے اسمارٹ کارڈ اور موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا اصولی فیصلہ کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھر میں ٹریفک پولیس طلبہ اور عوام کے لیے ہفتۂ آگاہی منائے اور ہیلمٹ نہ پہننے کی پہلی خلاف ورزی پر صرف وارننگ چالان جاری کیا جائے۔
مریم نواز نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ پہننے کی اہمیت سے آگاہ کریں، اور ٹریفک پولیس عوام کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2445 پولیس گاڑیاں قانون کی زد میں آئیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ قوانین عوام کی جان کی حفاظت کے لیے بنائے گئے ہیں اور ہر شہری کو ان پر عمل کرنا چاہیے۔