مریم نواز کا پنجاب کی ثقافت کی بحالی کے لیے بڑا قدم: 25 سال بعد بسنت منانے کی مشروط اجازت

 ڈور اور پتنگوں کی کیو آر کوڈ سے ٹریکنگ، موٹر سائیکل سواروں کے لیے 10 لاکھ فری راڈز اور مفت ٹرانسپورٹ کا اعلان

04:04 PM, 2 Feb, 2026

لاہور:پنجاب حکومت نے ڈھائی دہائیوں بعد صوبے کے عوام کو بسنت کا تحفہ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق بسنت فیسٹیول کو محفوظ بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور سخت حفاظتی تدابیر کا جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ اس بار بسنت "ڈیجیٹل مانیٹرنگ" کے سائے میں ہوگی۔ ہر پتنگ اور ڈور کے پنے پر خصوصی کیو آر کوڈ چسپاں ہوگا، جس کی مدد سے انتظامیہ ہر خریدار اور فروخت کنندہ کا مکمل ڈیٹا ٹریک کر سکے گی۔ اس اقدام کا مقصد جان لیوا ڈور کے استعمال کو مکمل طور پر روکنا ہے۔
 شہریوں کے تحفظ کے لیے ٹریفک پولیس نے ہنگامی بنیادوں پر 10 لاکھ سیفٹی راڈز موٹر سائیکلوں پر مفت نصب کر دیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے الرٹ ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے ریڈیو، ٹی وی اور سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں۔
 بسنت کے تین روزہ جشن کو یادگار بنانے کے لیے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ فیسٹیول کے دوران الیکٹرک بسیں، رکشے اور ٹیکسیاں عوام کو مفت سفری سہولیات فراہم کریں گی۔ یہ قدم شہریوں کو جشن میں بھرپور شرکت کی ترغیب دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
 عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 25 سال بعد بسنت کی واپسی پنجاب کی ثقافت کی بحالی کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جس کا تمام تر کریڈٹ مریم نواز کو جاتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور احتیاطی تدابیر اپنا کر اس تہوار کو محفوظ بنائیں۔

مزیدخبریں