گردوں کی پیوند کاری زندگی بچانے اور بہتر معیارِ زندگی کے لیے ناگزیر ہے، خواجہ سلمان رفیق

     پنجاب حکومت کے ہیلتھ مشن کے تحت نواز شریف کینسر ہسپتال اور گردہ و جگر کے مفت علاج کے پروگراموں پر تیزی سے کام جاری

04:09 PM, 2 Feb, 2026

لاہور:صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے شریف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں منعقدہ "شریف انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ رینل ٹرانسپلانٹ سمپوزیم 2026" میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر رفیق ذکی نے سمپوزیم کے اغراض و مقاصد اور ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
 سمپوزیم کے شرکاء، ملکی و غیر ملکی ماہرین اور نوجوان ٹرینیز سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان میں دائمی گردوں کی بیماری ایک سنگین چیلنج بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیلسز ایک مہنگا اور تکلیف دہ عمل ہے، جبکہ گردوں کی پیوند کاری (Renal Transplant) آخری مرحلے کے مریضوں کے لیے بہترین علاج اور بہتر معیارِ زندگی کی ضمانت ہے۔ ایسے سمپوزیم طبی مہارت اور مریضوں کی نگہداشت کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
 وزیر صحت نے حکومتِ پنجاب کے جاری بڑے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت متعدد پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں۔

    بچوں کے دل کی سرجری کا پروگرام

    گردہ، جگر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ

    کوکلیئر امپلانٹ اور قرنیہ (کارنیا) کی پیوند کاری

    سٹروک مینجمنٹ (فالج کے مریضوں کے لیے)

 انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور میں 74 ارب روپے کی خطیر لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ "نواز شریف کینسر ہسپتال" تیزی سے تعمیر ہو رہا ہے، جبکہ راولپنڈی میں بچوں کے لیے نئے ہسپتال قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

مزیدخبریں