لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لیے بڑے اور تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے تحت سرگودھا اور علی پور میں 5,600 ایکڑ رقبے پر شرمپ سٹیٹس قائم کی جا رہی ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف آبی حیات کی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس منصوبے کو صوبے میں بلیو اکانومی کا سب سے بڑا اور اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ برآمدات میں اضافے کے ساتھ ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
سرگودھا میں 20 ایکڑ پر 9 تالاب تیار ہو چکے ہیں اور 5,320 میٹر ڈرینج مکمل ہو چکا ہے۔ لاہور میں 4.5 ارب روپے کی لاگت سے قائم ہونے والی کوالٹی کنٹرول لیبارٹری کا 99 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے، جبکہ مظفرگڑھ میں تحقیق اور سازگار ماحول کی فراہمی کی لیبارٹری کا 98 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
منصوبے کے تحت 32 ٹیوب ویل اور 8 ٹرانسفارمر نصب کیے جا چکے ہیں، 64 تالابوں میں شرمپ کے بیج ڈالے جا چکے ہیں، اور سرگودھا کے چک نمبر 58 میں 124 ایکڑ پر شرمپ سٹیٹ اور ویلیو چین قائم کی جائے گی۔ سعودی عرب اور میکسیکو میں تربیتی دوروں اور 100 انٹرنز کے امتحانات کے ذریعے نوجوانوں کو جدید مہارت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف آبی حیات کے تحفظ کے لیے اہم ہیں بلکہ آبی زراعت کی صنعت کو عالمی مارکیٹ میں فروغ دینے اور بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔