لاہور:صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ظاہر پیر، رحیم یار خان میں ہب اینڈ سپوک پائلٹ پروگرام اور نشتر ہسپتال ملتان میں جدید طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ظاہر پیر میں قائم ہونے والا مرکزی ہب دیہی علاقوں کے بنیادی مراکز صحت (سپوکس) سے منسلک کیا جائے گا، تاکہ مریضوں کو بروقت علاج، بہتر ریفرل سسٹم اور معیاری صحت سہولیات میسر ہوں۔ اس ماڈل کے تحت پیچیدہ مریضوں کو فوری طور پر بڑے مراکز سے جوڑنے کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔
نشتر ہسپتال ملتان میں پیٹ اسکین اور سائیکلوٹرون مشین کی دستیابی سے جنوبی پنجاب کے کینسر اور دیگر پیچیدہ امراض کے مریضوں کو جدید تشخیصی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کی جا سکیں گی، جس سے لاہور یا دیگر شہروں کا بوجھ کم ہوگا۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت پنجاب جنوبی پنجاب میں صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے۔ ظاہر پیر ہب اینڈ سپوک ماڈل اور نشتر ہسپتال کی جدید مشینیں عوام کے لیے بڑا ریلیف ثابت ہوں گی۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ منصوبوں پر تیز رفتار اور شفاف عملدرآمد یقینی بنایا جائے، طبی عملے کی تربیت اور جدید آلات کی بروقت تنصیب پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس کے اختتام پر منصوبوں کی کارکردگی رپورٹ مقررہ مدت میں پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔