لاہور:ملک کے وسطی علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر موٹروے پولیس نے موٹروے ایم 3 اور ایم 4 کے کئی حصے عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4 شیر شاہ سے شام کوٹ، خانیوال سے ملتان اور عبدالحکیم سے ملتان تک دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹروے ایم 3 جڑانوالہ سے درخانہ تک بھی بند کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس استعمال کریں اور لین کی خلاف ورزی سے بچیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل موٹروے کی صورتحال معلوم کریں اور موٹروے پولیس کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔