مزنگ میں اندوہناک واردات: جنونی شخص نے خاتون اور 2 بچوں کو قتل کر کے اپنی زندگی بھی ختم کرلی

10:52 AM, 2 May, 2026

لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے مزنگ میں دیرینہ رنجش نے ایک ہنستے بستے گھر کو اجاڑ دیا۔ 45 سالہ شاہد نامی شخص نے اپنی خاتون دوست عائشہ پرویز کے گھر میں گھس کر فائرنگ کا بازار گرم کر دیا، جس کے نتیجے میں خاتون اور اس کے دو کم عمر بچے جاں بحق ہو گئے۔ ملزم نے واردات کے فوراً بعد خود کو بھی گولی مار لی۔
پولیس کے مطابق ملزم شاہد نے گھر میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند گولیاں چلائیں، جس کی زد میں آ کر    عائشہ پرویز (خاتون دوست)،    14 سالہ مفرہ (بیٹی)،    12 سالہ منیب (بیٹا) ہلاک ہوگئے۔ تہرے قتل کے بعد ملزم نے پستول کا رخ اپنی جانب کیا اور موقع پر ہی خودکشی کر لی۔
اس خونی واردات میں دو مزید بچیاں، 8 سالہ مناہل اور 18 سالہ سمنہ بھی گولیوں لگنے سے لہولہان ہوئیں۔ عینی شاہدین نے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹرز ان کی زندگی بچانے کی سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔    ملزم منصوبہ بندی کے تحت مسلح ہو کر گھر میں داخل ہوا تھا۔    پولیس نے آلہ قتل قبضے میں لے کر واقعے کے تمام پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزیدخبریں