لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر سموگ کے خاتمے کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کی جانب سے لاہور میں مؤثر اور عملی اقدامات جاری ہیں۔
تاریخ میں پہلی بار پی ایچ اے نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے شہریوں کو صرف ایک کال پر گھروں میں مفت پودے فراہم کرنے کی سہولت متعارف کروائی ہے، جسے عوامی سطح پر بے حد سراہا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد گھریلو سطح پر شجرکاری کو فروغ دے کر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے۔
شہر کے مختلف مقامات پر کیمپس لگا کر شہریوں میں مفت پودوں کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے، تاکہ ہر شہری کو شجرکاری میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملے۔
سموگ کے خلاف جاری مہم کے تحت لاہور بھر کی شاہراہوں، پارکس اور گرین بیلٹس میں روزانہ صبح و شام درختوں پر پانی کا اسپرے اور "ٹری واشنگ" کا عمل بھی کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ہوا میں موجود زہریلے ذرات کو کم کرکے ماحول کو صاف بنانا ہے۔
پی ایچ اے کے مطابق یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ مریم نواز کی ماحولیاتی بہتری کے وژن کا حصہ ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو ایک صحت مند اور صاف فضا فراہم کرنا ہے۔