سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کشمیر کے موجودہ حالات پر اظہار تشویش

07:24 PM, 2 Oct, 2025

اسلام آباد :سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کشمیر کے موجودہ کشیدہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت ایک دانشمند قیادت اور مناسب حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے تاکہ صورتحال مزید خراب ہونے سے روکی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ حکومت نے کشمیریوں کے دیرینہ مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے طاقت کے ذریعے حالات کو مزید بگاڑ دیا ہے، جس کے باعث کشمیری علاقوں میں جان و مال کا نقصان ہو رہا ہے۔

چوہدری سرور نے زور دیا کہ کشمیری عوام کی پاکستان کے ساتھ وفاداری اور محبت ناقابلِ تردید ہے اور اس لیے ضروری ہے کہ ان کے سیاسی رہنماؤں سے فوری مذاکرات کیے جائیں تاکہ ان کے جائز حقوق کی ضمانت دی جا سکے اور پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

انہوں نے حکومت وقت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قیادت کے ساتھ مذاکرات کا فوری آغاز نہ کرنا ملک و قوم کے مفاد کے خلاف ہے اور اس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو سکتی ہے۔

سابق گورنر نے اپیل کی کہ حکومت کشمیری عوام کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے لے اور جلد از جلد مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالے۔

مزیدخبریں