جھنگ/لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف اقدامات تیزی سے جاری ہیں، جن کے تحت خیمہ بستیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں فوری امداد اور عارضی رہائش کے لیے ٹینٹ سٹیز بنائے جا رہے ہیں، جہاں متاثرین کے لیے قیام و طعام، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کا معقول بندوبست کیا گیا ہے۔
جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری میں فلڈ ریلیف کیمپ کے ساتھ ایک مکمل "ٹینٹ سٹی" قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سیلاب متاثرین کے لیے خوراک، پانی، رہائش اور طبی امداد کی سہولیات دستیاب ہیں۔ کیمپ میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیمپ میں عارضی ہیلی پیڈ بھی بنا دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی فوری امدادی سرگرمی یا انخلا کے لیے ہوائی راستہ استعمال کیا جا سکے۔
کوٹ خیرا اور گورنمنٹ ہائی اسکول احمد پور سیال میں بھی خیمہ بستیاں قائم کی گئی ہیں، جہاں مقامی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کر کے سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ کی نگرانی میں امدادی سرگرمیوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جب تک متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی نہیں ہو جاتی، ریلیف کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔