پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں، 24 لاکھ سے زائد افراد متاثر، 41 افراد جاں بحق : پی ڈی ایم اے رپورٹ

03:15 PM, 2 Sep, 2025

لاہور : پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے حالیہ سیلاب کے نقصانات سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سیلاب سے 32 سو سے زائد موضع جات متاثر ہوئے ہیں، جب کہ 24 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد اس قدرتی آفت کی لپیٹ میں آئے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کے مطابق دریاؤں میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث لاکھوں افراد کو بے گھر ہونا پڑا۔ پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کی بروقت امدادی کارروائیوں کے نتیجے میں 9 لاکھ 99 ہزار متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

بدقسمتی سے سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 41 شہری جاں بحق ہوئے، جن میں زیادہ تر ہلاکتیں ڈوبنے کے باعث ہوئیں۔ ریلیف کمشنر کا کہنا ہے کہ حکومتِ پنجاب تمام متاثرین کی مدد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور ریلیف سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔

حکام کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں خوراک، پینے کے پانی، طبی سہولیات اور عارضی رہائش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جب کہ فصلوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں۔

مزیدخبریں