لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ کے لیے ’سی ایم مریم نواز الیکٹرک بائیک سکیم‘ میں اہم سہولت دینے کا فیصلہ کر لیا۔
پنجاب کے طلبہ کو سوا لاکھ سے زائد الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ وزیراعلیٰ نے طلبہ سے ڈاؤن پیمنٹ وصول نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ماہانہ قسط کے علاوہ دیگر واجبات وصول کرنے کی سفارشات بھی مسترد کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اسی ہفتے ای بائیک پورٹل کھولنے کا حکم دیا ہے۔
ادھر ’مثالی گاؤں‘ منصوبے کے تحت پنجاب کے ساڑھے تین ہزار سے زائد دیہات میں سیوریج کی سہولت اور پکی گلیاں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دیہی منصوبوں میں اسسٹنٹ کمشنر، کمیونٹی ہیلتھ موبلائزر اور سیکرٹری یونین کونسل کو بھی شامل کیا جائے گا، جبکہ کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن کے ذریعے منصوبوں کی نگرانی اور عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔