گورنر پنجاب اور گورنر کے پی کے درمیان اہم سیاسی ملاقات، تنظیم سازی پر اتفاق

12:10 PM, 3 Apr, 2026

لاہور: گورنر ہاؤس لاہور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی دونوں بڑے صوبوں میں تنظیم سازی، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مستقبل کے انتخابی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پارٹی کے مستقبل کے حوالے سے دو ٹوک موقف اختیار کیا۔ ان کی گفتگو کے اہم نکات درج ذیل ہیں۔ سردار سلیم حیدر نے عزم ظاہر کیا کہ "ہمارا جینا مرنا پارٹی کے ساتھ ہے اور ہمارا اگلا ہدف بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم بنانا ہے۔
 انہوں نے پارٹی ڈسپلن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قیادت کے ہر فیصلے کو بلا چوں و چرا تسلیم کرنا ہی سچے جیالے کی پہچان ہے۔سیاسی اختلافات اور پارٹی کے اندرونی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے؛ سیاسی جماعتوں میں گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں لیکن مقصد صرف عوامی خدمت ہونا چاہیے۔ ہم سب متحد ہو کر پارٹی کو نچلی سطح پر مضبوط کریں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور سردار سلیم حیدر خان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پنجاب اور کے پی کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ملاقات میں وفد کے اراکین نے بھی پارٹی کی مضبوطی کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں جنہیں سراہا گیا۔ دونوں صوبوں میں پیپلز پارٹی کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے صوبائی سطح پر مشترکہ دوروں کی تجویز سامنے آئی،   ملک میں جمہوری اقدار کی پاسداری اور سیاسی ڈائیلاگ کی اہمیت پر زوردیاگیا۔

مزیدخبریں