لاہور : پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسم نے انگڑائی لی ہے، جہاں لاہور سمیت کئی شہروں میں تیز ہواؤں اور بارش نے موسم کو انتہائی خوشگوار بنا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے ساتھ ساتھ کسانوں کے لیے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں دن بھر بادلوں کا راج رہا اور وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی و تیز بارش نے شہریوں کے چہرے کھلا دیے ہیں۔ دیگر شہروں میں پتوکی، حجرہ شاہ مقیم، سرگودھا، احمد پور شرقیہ اور بہاولپور میں بھی ابرِ رحمت برسا۔
منچن آباد میں موسم کی شدت زیادہ رہی، جہاں تیز آندھی اور طوفانی بارش کے باعث کئی مقامات پر درخت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم بجلی کی فراہمی میں جزوی تعطل دیکھا گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ پنجاب اور سندھ میں کھڑی فصلوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت ہونے والی تیز ہوائیں اور بارشیں تیار فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جس سے پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پنجاب میں بادلوں کی گرج چمک اور آندھی: موسم خوشگوار، کھڑی فصلوں کو نقصان کا خدشہ
07:00 PM, 3 Apr, 2026