لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں جدید گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے وزیراعلیٰ پنجاب کو گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے منصوبے پر بریفنگ دی۔ وفد نے او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں جدید گرین اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔
مریم نواز نے گرین اکنامک زون کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے جامع ایکشن پلان طلب کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد پنجاب میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور صنعتی ترقی کو مزید تیز کرنا ہے۔