بہاولپور: صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے بہاولپور کے جوبلی ہسپتال برائے خواتین کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، لیبر روم، ایمرجنسی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج کی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور ہسپتال کے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
خواجہ عمران نذیر نے ادویات کی فراہمی، صفائی کے انتظامات، طبی عملے کی حاضری اور ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور زچگی سے متعلق صحت کی سہولیات کا معیار مزید بہتر بنانا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر نے ہسپتال میں موجود پیرا میڈیکل اسٹاف کے بچوں سے بھی ملاقات کی اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عملے کی سہولت کے لیے ڈے کیئر سینٹر قائم کیا جائے تاکہ نرسز اور دیگر طبی عملہ اطمینان کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکے۔