لاہور میں بسنت کا جنون: 2 روز میں 34 کروڑ کی پتنگیں فروخت، خطرناک عمارات سیل

04:01 PM, 3 Feb, 2026

لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور کے روایتی تہوار بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے شہر میں جاری تیاریوں اور سیکیورٹی صورتحال پر اہم تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا کہ لاہور میں بسنت کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے اور صرف گزشتہ دو دنوں کے دوران شہر میں 34 کروڑ روپے مالیت کی پتنگیں فروخت ہو چکی ہیں۔     پتنگیں مہنگی ہونے کی شکایات پر حکومت نے مداخلت کرتے ہوئے قصور، فیصل آباد اور ملتان سے پتنگوں کی بڑی کھیپ لاہور منتقل کرنا شروع کر دی ہے تاکہ طلب پوری کی جا سکے اور قیمتیں مستحکم رہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں درج ذیل اقدامات کیے گئے ہیں۔  اندرون شہر کی تمام بلند و بالا عمارات کا مکمل تکنیکی سروے کیا گیا ہے۔
 وہ تمام عمارات جنہیں پتنگ بازی یا تماشائیوں کے لیے خطرناک پایا گیا، انہیں فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ حکومت بسنت کو خوشیوں کا تہوار بنانا چاہتی ہے، اسی لیے مینوفیکچررز کو دوسرے شہروں سے مال لانے کی سہولت دی گئی ہے تاکہ لاہوریے اپنے اس تاریخی میلے کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔

مزیدخبریں