پنجاب میں آفات سے نمٹنے کے لیے 'ارلی وارننگ سسٹم' کی منظوری، کابینہ کمیٹی کا بڑا فیصلہ

06:57 PM, 3 Feb, 2026

لاہور:صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیرِ صدارت پی ڈی ایم اے (PDMA) ہیڈ آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قدرتی آفات کے سدِباب اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دور رس فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ انتظامی طور پر صوبے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر لاہور، ڈی جی خان اور سرگودھا سمیت ڈپٹی کمشنر قصور، میانوالی اور راجن پور نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اضلاع کی رپورٹ پیش کی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس کے سامنے 6 نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔ اجلاس کی سب سے اہم پیش رفت 'ارلی وارننگ سسٹم' (پیشگی اطلاع کے نظام) کی منظوری تھی، جس کے تحت کسی بھی ممکنہ آفت سے قبل جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بروقت الرٹ جاری کیا جا سکے گا تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جائے۔
خواجہ سلمان رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق تمام امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں ہنگامی پلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔

مزیدخبریں