محفوظ بسنت مشن: لاہور میں 3 روز کے لیے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ

07:15 PM, 3 Feb, 2026

لاہور:لاہوریوں کو حادثات سے پاک اور محفوظ بسنت فراہم کرنے کے لیے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس (CTO) اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ بسنت کے ایام میں شہر میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل بند رہے گا۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد سی ٹی او لاہور اطہر وحید سے ملاقات کے لیے سی ٹی او آفس پہنچا، جہاں شہر کی ٹریفک اور عوامی تحفظ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہر میں 6 سے 8 فروری تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے عوامی مفاد اور بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے حکومت کے اس فیصلے پر مکمل رضا مندی کا اظہار کر دیا ہے۔
 اس پابندی کا مقصد بسنت کے دوران سڑکوں پر رش کم کرنا اور پتنگ بازی کی ڈور سے ہونے والے ممکنہ حادثات سے بڑے ٹریفک اور شہریوں کو محفوظ رکھنا ہے۔
سی ٹی او لاہور اطہر وحید نے ٹرانسپورٹرز کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور بسنت کے دوران ٹریفک کے متبادل پلان پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔

مزیدخبریں