لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے میں ایمرجنسی سروسز کی بہتری اور توسیع کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ریسکیو ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے کی۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھکر میں ایئر ایمبولینس کے لیے نئی ایئر سٹریپ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، جس سے دور افتادہ علاقوں سے مریضوں کی فوری منتقلی ممکن ہو سکے گی۔
صوبے کے مختلف اضلاع میں 33 نئے ریسکیو اسٹیشنز زیر تعمیر ہیں جن پر کام آخری مراحل میں ہے۔ مختلف ٹاؤنز میں ریسکیو سروسز کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے تاکہ رسپانس ٹائم کو مزید کم کیا جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے "میت منتقلی سروس" کے آغاز کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جو جلد ہی عوام کے لیے دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ سیلاب سے نمٹنے (Flood Response) کے لیے جدید ترین سامان کی فراہمی اور پراگریس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب ایمرجنسی سروسز کو اپ گریڈ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام زیر تعمیر منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت اور جدید طبی امداد کی سہولیات میسر آ سکیں۔
پنجاب میں ایمرجنسی سروسز کا دائرہ وسیع: میت منتقلی سروس کا آغاز اور بھکر میں ایئر ایمبولینس سٹریپ کی تعمیر تیز
04:08 PM, 3 Mar, 2026