فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبہ: وزیراعلیٰ مریم نواز کی کام تیز کرنے کی ہدایت، 21 سٹیشنز اور اربن فاریسٹ کا حکم

02:45 PM, 3 May, 2026

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی، جس پر وزیراعلیٰ نے کام کی رفتار بڑھانے کے حوالے سے اہم احکامات جاری کیے۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق فیصل آباد کا یہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم شہر میں سفری سہولیات کو بدل کر رکھ دے گا۔ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی مجموعی لمبائی 20.5 کلومیٹر ہوگی جس پر کل 21 اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے کا 11.3 کلومیٹر حصہ اور 11 اسٹیشنز زمین سے بلند (Elevated) ہوں گے۔
 سسٹم کے آپریشنز کو کنٹرول کرنے کے لیے فیصل ٹاؤن اور ایئرپورٹ چوک میں جدید ڈپو بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کے معیار اور خوبصورتی کو یقینی بنانے کے لیے درج ذیل ہدایات دیں۔  منصوبے کے روٹ پر موجود ہر کھلے مقام پر اربن فاریسٹ بنانے اور بڑے پیمانے پر سبزہ (Planters) لگانے کا حکم دیا گیا۔بزرگوں اور معذور افراد کی سہولت کے لیے اسٹیشنز پر وسیع اور معیاری ایلی ویٹرز (لفٹس) نصب کرنے کی ہدایت کی گئی۔ تعمیراتی کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو متحرک رہنے کا حکم دیا گیا۔
فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تعمیر سے نہ صرف ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا بلکہ 'اربن فاریسٹ' کے اقدام سے صنعتی شہر کی فضائی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ یہ منصوبہ شہر کی معاشی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں