لاہور ہائیکورٹ کا یوٹیوبر ڈکی بھائی کی درخواستِ ضمانت پر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کو نوٹس

02:56 PM, 3 Nov, 2025

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی رہائی کے لیے دائر درخواستِ ضمانت پر نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کو نوٹس جاری کر دیے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران ڈکی بھائی کے وکیل عمران رضا چدھڑ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، بلکہ ڈکی بھائی کی اہلیہ نے ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کی تفتیش کرنے والے تمام افسران گرفتار ہو چکے ہیں اور جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔ مزید کہا گیا کہ شریک ملزمان کی ضمانتیں پہلے ہی منظور ہو چکی ہیں جبکہ 2018 کے مقدمے کی دفعات کی زیادہ سے زیادہ سزا تین برس ہے، جو کہ قابلِ ضمانت جرم ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈکی بھائی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں