نئے صوبوں کے قیام سے عوام کو زیادہ نمائندگی ملے گی ، حکومتی امور بہتر طور پر سرانجام پائیں گے، چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود

12:47 PM, 3 Sep, 2025

لاہور: پنجاب گروپ کے چیئرمین میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ عوامی شعور بیدار کیا جائے اور ملک میں انتظامی اصلاحات کی جائیں۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں منعقدہ سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی بنیاد عوام کی طاقت ہے، لیکن پاکستان میں اس پر توجہ نہیں دی جا رہی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی بڑھ رہی ہے لیکن صوبوں کی تعداد آج بھی چار ہی ہے، جب کہ بھارت اور دوسرے ممالک نے اپنی انتظامی تقسیم بڑھا کر بہتر ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبے بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ بہتر انتظام اور ترقی ممکن ہو سکے۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس میں بہت پیچھے ہے اور یہاں کے بچوں کی بڑی تعداد غذائی قلت اور تعلیم کی کمی کا شکار ہے۔ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی نہیں مل رہے، جس سے ملک کی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے بلوچستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں گیس کے وسائل کے باوجود عوام محروم ہیں، اور اگر بلوچستان میں نئے چھوٹے صوبے بنا دیے جائیں تو علیحدگی کی تحریک ختم ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب کے بڑے اضلاع کو الگ صوبوں میں تقسیم کیا جائے تو انتظامی نظام بہتر ہو گا اور حکومتی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ اس سے عوام کو زیادہ نمائندگی ملے گی اور وسائل کی تقسیم بھی منصفانہ ہو گی۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ پاکستان میں انصاف کا نظام بھی کمزور ہے، جس کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری رک گئی ہے۔ انہیں امید ہے کہ نوجوانوں میں شعور بیدار کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں