لاہور: چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پاکستان (APSUP) پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمٰن نے کہا ہے کہ قومیں تبھی ترقی کرتی ہیں جب وہ اپنے ہیروز کی عزت کرتی ہیں۔
یہ بات انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے آئی بی اے ڈیپارٹمنٹ میں ایک تعلیمی سیمینار کے دوران کہی، جس میں اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمٰن نےکہا کہ "وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں جو اپنے ہیروز کی عزت نہیں کرتیں۔" اپنے خطاب میں انہوں نے معاشرتی برائیوں اور بگڑتے ہوئے رویوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں طلبہ، اساتذہ اور علما بھی بگاڑ کا حصہ بن چکے ہیں۔" انہوں نے نوجوانوں کے کردار اور رویے کی بہتری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ہمارے نوجوانوں میں ٹیم ورک کی کمی ہے اور 14 اگست کو بائیک کے سلنسر نکال کر جشن منانا اس بات کی نشاندہی ہے کہ ہم قوم کے بڑے مسائل سے بے خبر ہیں۔"
انہوں نے بتایا کہ دنیا کی بڑی جامعات جیسے ہارورڈ بھی کردار سازی پر توجہ دے رہی ہیں، اور ہمیں بھی اسی راہ پر چلنا ہوگا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ "ہمارا ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک ہر فرد دل کی گہرائی سے محنت اور خلوص سے کام نہ کرے۔ کامیابی کا راز صرف کردار، محنت اور سچے جذبے میں ہے۔"