لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی پی آر کی ری اسٹرکچرنگ کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی پی آر ہیڈ کوارٹرز کی نئی بلڈنگ کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے میڈیا کو واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیونیکیشن اب آرٹ سے بڑھ کر سائنس بن چکی ہے، اسے سمجھنا ضروری ہے۔ ہم اطلاعات کی فراوانی کے دور سے گزر رہے ہیں اور ڈی جی پی آر کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام تک بروقت اطلاعات کی رسائی یقینی بنانے کے لیے موجودہ دور کے تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں۔ سچ اور جھوٹ میں فرق واضح کرنے کے لیے عوام کو حکومت کے فلاحی اقدامات سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر کی کارکردگی اور امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی آر کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر بھی زور دیا، تاکہ ادارے کی کارکردگی کو مؤثر اور غیر جانب دارانہ انداز میں جانچا جا سکے۔