پنجاب اسمبلی: نیا بلدیاتی ایکٹ 2025 تاحال سٹینڈنگ کمیٹی سے منظور نہ ہو سکا

یونین کونسلز کی تشکیل اور اختیارات پر ڈیڈ لاک برقرار، حکومت نے منظوری کے لیے کوششیں تیز کر دیں

05:49 PM, 4 Aug, 2025

لاہور :پنجاب اسمبلی میں نیا بلدیاتی ایکٹ 2025 تاحال سٹینڈنگ کمیٹی سے منظوری حاصل نہیں کر سکا۔ دو ماہ کا مقررہ وقت گزرنے کے باوجود کمیٹی کی سطح پر اتفاقِ رائے نہ بن سکا، جس کے بعد حکومت نے بلدیاتی ایکٹ کی منظوری کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی ایکٹ 2025 کی شقوں پر اب بھی سٹینڈنگ کمیٹی میں اختلافات برقرار ہیں۔ یونین کونسلز کی تشکیل اور انتخابی عمل کے طریقہ کار پر ڈیڈ لاک جاری ہے، جبکہ کمیٹی کے کئی ارکان بلدیاتی اداروں کو زیادہ اختیارات دینے کے حامی ہیں، جس پر تفصیلی مشاورت جاری ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی قانون سازی کا مقصد بلدیاتی نظام کو فعال، بااختیار اور شفاف بنانا ہے، تاہم اپوزیشن اور بعض حکومتی اراکین کی جانب سے بعض شقوں پر تحفظات کے باعث پیش رفت سست روی کا شکار ہے۔

متعلقہ حکام کے مطابق اگر آئندہ اجلاس میں اتفاقِ رائے نہ ہو سکا تو بل کو ترمیم کے ساتھ دوبارہ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں