خبر:
پنجاب پولیس نے اپنے شہدا کے اہل خانہ کو چھت فراہم کرنے کے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور بہادر اہلکار کے خاندان کو گھر فراہم کر دیا ہے۔ شہید کانسٹیبل راشد محمود کے اہلِ خانہ کے لیے رحیم یار خان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر ان کی پسند کے مطابق خرید کر دیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں حکومتِ پنجاب نے شہید اہلکار کے گھر کے لیے فنڈز جاری کیے۔ کانسٹیبل راشد محمود نے 2024 میں کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل راشد محمود نے جان کی پرواہ کیے بغیر اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران عظیم قربانی دی۔ پنجاب پولیس اپنے اس بہادر سپوت کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔