راجن پور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راجن پور میں گرین بس منصوبے کی افتتاحی تقریب کو خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کے خلاف "چارج شیٹ" میں بدل دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کے پی حکومت کے سیاسی نعروں اور زمینی حقائق کے درمیان تضاد کو کھل کر بیان کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے طنزیہ انداز میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں جب لوگ آٹا، بجلی اور سڑک مانگتے ہیں تو انہیں "شعور" کا سبق پڑھایا جاتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا، "کیا لوگ روٹی کی جگہ شعور کھائیں گے؟ کیا شعور پر بیٹھ کر سکول جایا جا سکتا ہے؟۔ مریم نواز نے سہیل آفریدی کے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ایک بچی نے اپنے حق کا سوال کیا تو اسے کسی سیاسی جماعت کا ایجنٹ قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رویہ ثابت کرتا ہے کہ وہاں صرف حکمرانوں کی مرضی چلتی ہے۔
مریم نواز نے پی ٹی آئی قیادت کو نشانے پر رکھتے ہوئے کہا کہ ان کا "شعور" صرف غریب کے بچے کے لیے ہے جو جیل کاٹ رہا ہے، جبکہ ان کے اپنے بچے لندن میں بیٹھ کر پاکستان کی "گرم ہوا" سے بچ رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم صرف باتیں نہیں کرتے بلکہ راجن پور جیسے علاقوں میں بسیں چلا کر دکھاتے ہیں۔ جعلی حکومت وہ ہے جو عوام کا حق کھا کر انہیں کھوکھلے لفظوں سے بہلاتی رہے۔
"اپنے بچوں کو لندن کی ٹھنڈی ہوائیں، دوسروں کے بچوں کو جیلیں"؛ راجن پور میں مریم نواز کا کے پی حکومت پر بھرپور طنز
04:59 PM, 4 Feb, 2026