لاہور: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب تعینات ہونے کے بعد راؤ عبدالکریم کی زیرِ صدارت پنجاب پولیس کا پہلا ہائی لیول اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیس فورس کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی اور نئے آئی جی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، ایم ڈی سیف سٹیز، ڈی آئی جیز، اے آئی جیز اور دیگر سینئر افسران نے بالمشافہ شرکت کی۔ جبکہ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے افسران کو امن و امان (لا اینڈ آرڈر)، کرائم کنٹرول اور سروس ڈیلیوری کے حوالے سے اپنی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ تھانہ کلچر اور ٹریفک مینجمنٹ: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے دیے گئے تھانہ کلچر میں تبدیلی اور ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری کے ٹاسک کی تکمیل اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کے "محفوظ پنجاب ویژن" کو ٹیم ورک، میرٹ اور ایک مربوط سسٹم کے ذریعے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری امور کی انجام دہی میں ڈسپلن، رولز اور پروسیجرز کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ سنگین جرائم کے کیسز کے فالو اپ کی بنیاد پر ضلعی افسران کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔
سینئر افسران اپنے دفاتر کے دروازے عام آدمی کے لیے کھلے رکھیں اور سائلین کی دادرسی کے امور کی خود نگرانی کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس افسران عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، میرٹ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم کی زیرِ صدارت پہلا اہم اجلاس: وزیرِ اعلیٰ کے "محفوظ پنجاب ویژن" کی تکمیل اولین ترجیح قرار
05:19 PM, 4 Feb, 2026