لاہور:سال 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب پولیس نے شہدا کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ایک اور عملی قدم اٹھا لیا۔ فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے شہید کانسٹیبل محمد احمد کے اہلِ خانہ کو ذاتی رہائش فراہم کر دی گئی ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق شہید کے اہلِ خانہ کے لیے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر خرید کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں ممکن ہوا، جن کی درخواست پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلِ خانہ کے لیے گھر کی خریداری کے فنڈز جاری کیے۔
واضح رہے کہ شہید کانسٹیبل محمد احمد نے سال 2024 میں کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ سے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہدا کے اہلِ خانہ کو مالی، تعلیمی اور رہائشی سہولیات کی فراہمی پنجاب پولیس کی مستقل پالیسی کا حصہ ہے، تاکہ شہدا کی قربانیوں کا عملی اعتراف کیا جا سکے۔