لاہور کی تاریخی بحالی: مال روڈ پر احتجاج پر پابندی اور شاہی قلعہ کی اصل حالت میں واپسی کا فیصلہ

04:13 PM, 4 Mar, 2026

لاہور :مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت 'لاہور ہیرٹیج ایریا ریوائیول' کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی تاریخی حیثیت کی بحالی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے بڑے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں لاہور کی شاہراہِ قائد اعظم (مال روڈ) کی تاریخی اور تمدنی اہمیت کو برقرار رکھنے کے لیے بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے مال روڈ پر ہر قسم کے احتجاجی جلسوں اور جلوسوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کے معمولاتِ زندگی متاثر نہ ہوں۔
لاہور کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے اجلاس میں درج ذیل نکات پر اتفاق کیا گیا۔شاہی قلعہ کے تمام حصوں کو مکمل طور پر ان کی اصل اور قدیمی حالت میں بحال کیا جائے گا۔ قلعہ اور اس کے گرد و نواح میں موجود غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔بحالی کے کام میں آرکیالوجی کے بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت لی جائے گی۔
میاں نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا تاریخی ورثہ ہمارا اثاثہ ہے جسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

مزیدخبریں