لاہور:ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار ہے، جہاں جنوبی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، وہیں محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں بارش کے ذریعے موسم خوشگوار ہونے کی پیش گوئی کر دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کا دن سندھ کے باسیوں کے لیے انتہائی بھاری رہا۔ جیکب آباد اور شہید بینظر آباد 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کے گرم ترین مقامات رہے۔ پنجاب کے میدانی علاقے ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں پارہ 40 ڈگری کو چھو گیا۔کراچی میں 38، لاہور میں 37 جبکہ اسلام آباد اور کوئٹہ میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گرمی کے اس ستائے ہوئے موسم میں محکمہ موسمیات نے ریلیف کی خبر بھی دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب کے بعض علاقوں اور بالائی خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جنوبی علاقوں میں جاری شدید گرمی کے پیشِ نظر براہِ راست دھوپ سے بچیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنائیں۔ بالائی علاقوں میں سیاحوں کو بھی موسمی تبدیلی کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جنوبی علاقوں میں سورج سوا نیزے پر، سندھ تپ اٹھا؛ کئی شہروں میں بارش کی نوید
09:41 AM, 4 May, 2026