فیصل آباد : دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سیپ) کے زیراہتمام ایک اہم سیمینار منعقد ہوا، جس میں تعلیم، نوجوانوں کی تربیت اور کردار سازی جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سیمینار کے مہمانِ خصوصی معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا پروگرام پاکستان کے نامور تعلیمی رہنما میاں عامر محمود کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں عامر محمود نے پاکستان کو سینکڑوں تعلیمی ادارے اور کئی یونیورسٹیاں دے کر قوم کی خدمت کی ہے، اور ایسے افراد ہی اصل قومی ہیرو ہوتے ہیں۔"ہمیں فلمی دنیا کے بجائے اُن لوگوں کو ہیرو ماننا ہو گا جنہوں نے قوم کو تعلیم، وژن اور ترقی دی۔"
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے موجودہ نسل کے رویوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں سب سے بڑی کمی سکلز کی نہیں بلکہ کردار اور نظم و ضبط کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں میں وقت کی پابندی، ذمہ داری کا احساس اور خود پر قابو جیسی خصوصیات کم ہوتی جا رہی ہیں، جو ایک تشویشناک امر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان آگے بڑھیں اور ملک ترقی کرے تو ہمیں انہیں دیانت، سچائی، احترام اور امانت داری جیسے اوصاف سکھانے ہوں گے۔"تبدیلی کی شروعات دوسروں پر تنقید سے نہیں، بلکہ خود کو بہتر بنانے سے ہوتی ہے۔"
انہوں نے نبی اکرم ﷺ کی سیرت کو نوجوانوں کے لیے رول ماڈل قرار دیا اور کہا کہ اگر ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنائیں تو ذاتی اور قومی زندگی میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔
آخر میں پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایپ سیپ تعلیمی اداروں کے ذریعے نوجوانوں میں اللہ پر ایمان، خود اعتمادی اور قومی ذمہ داری کا شعور بیدار کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔